123

عدالت نے سابق کرکٹر سرفراز نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، بڑی خبر آ گئی لیکن کس کیس میں ؟

تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے دائر ہتک عزت کی درخواست پر سابق کرکٹر سرفراز نواز کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیئے.

لاہور کی ایڈیشنل سیشن جج انجم ممتاز ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے سرفراز نواز کے خلاف ہتک عزت کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔ نجم سیٹھی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سرفراز نے میڈیا پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں جس کی وجہ سے ان کے شہرت کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اپنے موقف میں کہا کہ ایک دن بھی اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا۔ نجم سیٹھی نے عدالت سے درخواست کی کہ سرفراز نواز کو دس کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے سرفراز نواز کو کئی مرتبہ پیش ہونے کا حکم دیا لیکن عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ان کے ورانٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سرفراز نواز کو ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 2 ہفتوں تک کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔

فروری 2017 میں پی سی بی نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق کرکٹر سرفراز نواز کے بیانات کو اہمیت نہ دیں کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں وہ توہین عدالت کے مرتکب ہو سکتے ہیں.

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود سرفراز نواز نے بے جا تنقید کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ الزامات عائد کر رہے ہیں جس کے سبب ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں