107

ایک بار پھرگجرات میں عمران خان پر جوتا پھینکنے کی ناکام کوشش

پی ٹی آئی کی جانب سے گجرات کے علاقے جی ٹی ایس چوک پر رکن سازی جلسہ کیا جارہا تھا جہاں عمران خان اور علیم خان کارکنوں کے ساتھ گاڑی کی چھت پر کھڑے تھے۔

عمران خان کارکنوں سے خطاب کررہے تھے کہ مجمعے سے جوتا اچھال دیا گیا جو ان کے برابر میں کھڑے علیم خان کے سینے پر جا لگا جس کے ساتھ ہی عمران خان نے تقریر ختم کی اور دونوں رہنما گاڑی کی چھت سے نیچے اتر گئے۔

اس سے قبل بھی فیصل آباد میں ممبر سازی مہم میں شہری کی جانب سے عمران خان کی گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی گئی،تو پی ٹی آئی کارکنوں نے شہری کو پکڑ کر درگت بنا دی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے شہری کو گاڑی میں بٹھا لیا۔

واضح رہے کہ دور روز قبل نوازشریف پر بھی جامعہ نعیمیہ میں ایک تقریب میں جوتا اچھالا گیا جو کہ ڈائس پر لگے پی ٹی وی کے مائیک سے ٹکرا کر سائیڈ پر نکل گیا جس میں نوازشریف تو محفوظ رہے لیکن موقع پر موجود لوگوں نے اس کی خوب درگت بنائی اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اس کے علاوہ خواجہ آصف پر بھی ایک تقریب کے دوران سیاہی منہ پر پھینک دی گئی تاہم خواجہ آصف نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاحی صاف کی اور اپنا خطاب جاری رکھا۔

ان واقعات کے ذمہ دار افراد کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا تھا، جبکہ آج بھی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خطاب کے دوران جوتا اچھالنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں